اداکارہ غنا علی جو شادی کے بعد سکرین سے دور ہو گئی تھیں وہ اب ایک مرتبہ پھر فلموں اور ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے والی ہیں۔
غنا علی شو بز کی دنیا میں واپس تو آ رہی ہیں لیکن اس مرتبہ وہ اپنی شرائط پر کام کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔
غنا علی نے اپنی آنے والی فلم کے بارے میں بتایا کہ اس میں قوی خان اور عماد عرفانی جیسے اداکار نظر آئیں گے۔ غالباً قوی خان کی موت سے پہلے شوٹ ہونے والی یہ ان کی آخری فلم تھی۔
غنا علی کا کہنا تھا کہ اس فلم میں قوی خان نے ایسا کردار کیا ہے کہ جس کو دیکھ کر آنکھوں میں آنسو آجائیں گے۔
غنا علی نے ڈرامہ انڈسٹری پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ایک جیسے ڈرامے بن رہے ہیں، ساس بہو کی کہانیوں میں اب وہ کام نہیں کریں گی اور نہ ہی کوئی منفی کردار کریں گی۔
ایک سوال کے جواب میں غنا علی نے کہا کہ اداکارہ ژالے سرحدی نے بالکل ٹھیک کہا ہے کہ اب انسٹاگرام کے فالورز دیکھ کر اداکاروں کو کام ملتا ہے۔
’میرے تو فالورز بھی زیادہ ہیں لیکن مجھے جو کام ملتا رہا اس کی کیا بات کروں۔ آرٹسٹس کو سائن کرنے والے مارکیٹ کے حساب سے دیکھتے ہیں اور آرٹسٹ آرٹ کے حساب سے دیکھتا ہے۔
’میں سوشل میڈیا پر بہت زیادہ ایکٹیو نہیں ہوں۔ بس اپنے کام سے متعلقہ پوسٹس کرتی ہوں۔ سوشل میڈیا میرے لیے زندگی نہیں ہے۔‘